اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامے سے رواں ماہ اقوام متحدہ کے آئندہ اجلاسوں کے موقع پر نیویارک میں ملاقات طے ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم پاکستان اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامے میں ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار اور ڈیوڈ لامے میں اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان کی 18 کمپنیوں پر پابندی عائد کردی، اسحاق ڈار
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار اور ڈیوڈ لامے کی اقوام متحدہ کے آئندہ اجلاسوں کے موقع پر نیویارک میں ملاقات طے ہے۔
گزشتہ روز انہوں نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختییار ادیلووِچ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان (یو اے پی) ریلوے لائن منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا تھا۔
انہوں نے اس اہم منصوبے کے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور افغان قیادت سے مشاورت کے ساتھ اس کی دستخطی تقریب کے انعقاد کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔