لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میں آج جس مقام پر ہوں وہ والدین کی تربیت اور دعاؤں کا ثمر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے والدین کے عالمی دن کے موقعے پر پیغام میں کہا کہ زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں، والدین کی اطاعت اللہ کا حکم، سنت رسول اور مشرقی روایت ہے۔
مجھے رلانا آسان کام نہیں، دو بار قید تنہائی میں رہی لیکن روئی نہیں، مریم نواز
مریم نواز کا کہنا تھا کہ والدین کی اپنے بچوں کیلئے محبت، قربانیاں انسانی فطرت میں شامل ہے، والدین کے بغیر گھر صرف اینٹوں کا مکان ہوتا ہے، والدین کی موجودگی سے معمولی سا کمرہ بھی جنت بن جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والدین ہی اولاد کی ہر کامیابی کی بنیاد رکھتے ہیں، میں آج جس مقام پر ہوں وہ والدین کی تربیت اور دعاؤں کا ثمر ہے میں اپنے والدین کی خدمت اور اطاعت کو شرف سمجھتی ہوں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ والدین کی خدمت، عزت واحترام، دیکھ بھال کو فرض اول سمجھ کر ادا کیجئے، دعا ہے اللہ تعالیٰ سب بچوں پر والدین کا سایہ سلامت رکھے۔