120 سے زائد مسافروں کو کراچی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کا مسافر طیارہ اس وقت خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا جب لینڈنگ کے وقت طیارے سے پرندہ ٹکرایا۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شام کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 کی لینڈنگ کے دوران پرندہ جہاز سے ٹکرایا تھا۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ طیارے میں 120 سے زائد مسافر سوار تھے اور لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد جہاز کے معائنے کے بعد اس سے پرندہ ٹکرانے کے شواہد ملے ہیں۔
ذرائع کے مطابق طیارے کو 20 گھنٹے مرمت کے بعد دوبارہ پرواز کے قابل بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ سول ایوی ایشن حکام ماضی میں ان حادثات سے بچنے کے لیے کئی اقدامات اٹھا چکی ہے تاہم پھر بھی ایسے واقعات گاہے بگاہے رونما ہوتے رہتے ہیں۔