پیرس سینٹ جرمین نے چیمپئنز لیگ فائنل میں پہلی بار فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کردی، تاہم پیرس میں جشن ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہونے کے باعث دو افراد ہلاک ہوگئے۔
یوئیفا چیمپئنز لیگ (یو سی ایل) کے فائنل میں پیرس سینٹ جرمین نے انٹر میلان کے خلاف 5-0 سے شاندار فتح اپنے نام کی جس کے بعد پیسر میں لوگ جشن منانے کےلیے سڑکوں پر نکل آئے، تاہم لوگوں کے جوش و جذبات کے باعث یہ جشن جلد ہی ہنگامے کی صورت اختیار کرگیا۔
جشن کے دوران چیمپس ایلیسیز میں بس شیلٹرز کو توڑ دیا گیا اور پولیس پر پروجیکٹائل بھی پھینکے گئے، پولیس کو بڑھتے ہوئے ہجوم کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن فائر کرنا پڑے۔
فٹبال کے مداحوں کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، فرانسیسی حکام نے جشن کی آڑ میں ہنگامہ آرائی مں ملوث 559 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پی ایس جی کے فائنل جیتنے کا جشن منانے کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 17 سالہ نوجوان بھی تھا جسے جنوب مغربی قصبے ڈیکس میں اس وقت اسے چاقو کے وار کر کے ہلاک کیا گیا جب لوگ جیت کا جشن منا رہے تھے۔
"Ça c'est Paris" C'est la fête, la fête pic.twitter.com/ikc4T4uPXh
— Wami (@Wami56) June 1, 2025
اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی وزارت داخلہ نے بتایا کہ مرنے والا دوسرا شخص موٹرسائیکل سوار تھا جسے پیرس کے جنوب مغربی علاقے میں کار نے ٹکر ماری، گرفتار کیے گئے 559 افراد میں سے 491 افراد کو دارالحکومت میں پکڑا گیا۔
دریں اثنا چیمپئنز لیگ فٹبال فائنل میں پی ایس جی نے انٹر میلان کو یکطرفہ طور پر 0۔5 سے مات دی، فاتح ٹیم نے انٹرمیلان کی ایک نہ چلنے دی دونوں ہاف میں کھیل پر اپنی گرفت مضبوطی سے برقرار رکھی۔
پی ایس جی پہلی مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے میں کامیاب ہوئی، پیرس سینٹ جرمین نے فائنل کے پہلے ہاف میں 2 گول داغے جبکہ دوسرے ہاف میں بھی ٹیم چھائی رہی اور 3 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔
ڈوئے نے 2 گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کےلیے فائنل میں بہترین کھیل پیش کیا جبکہ اشرف حکیمی، کویچا اور مے یولو ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے۔