کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈیفنس میں سدھیر نامی نوجوان پر تشدد کرنے کے کیس میں نامزد ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد میں نوجوان پر تشدد کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی پر نوجوان سدھیر کو تشدد، دھمکیاں دینے اور خاتون کی تذلیل کا الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت میں پیشی پر وکیل نے سلمان فاروقی کو تھپڑ مار دیا
قبل ازیں، عدالت میں سدھیر نے سلمان فاروقی کو عدالت میں معاف کرتے ہوئے کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کو عدالت میں پیش کیا گیا، سدھیر بھی عدالت میں پیش ہوا اور ملزمان کو شناخت کیا۔
سدھیر نے کہا کہ مجھے علم میں نہیں تھا کہ مجھے عدالت نے بلایا ہے، مجھے آج وکیل نے بتایا ہے تو میں پیش ہوگیا۔
عدالت نے پوچھا کہ تمہیں کسی قسم کا دباوٴ کا سامنا تو نہیں تو متاثر نوجوان نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا میں نے ملزم کو معاف کر دیا ہے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
عدالت کی جانب سے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کر لی گئی۔
یاد رہے کہ موٹرسائیکل کی معمولی ٹکر پر آپے سے باہر ہو کر ملزم سلمان فاروقی نے نوجوان پر گارڈز کے ساتھ مل کر تشدد کیا تھا۔
ملزم نے گالیاں اور دھمکیاں دیں جبکہ نوجوان کی بہن ہاتھ جوڑتی رہی لیکن ملزم کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ ملزم نے خواتین کو بھی دھکے دیے ساتھ ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، تشدد اور ہجوم میں بے عزت کیا۔