کراچی : گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مائی کولاچی روڈ پر گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی ، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور فرار ہو گیا، حادثےمیں جاں بحق شہری کی شناخت اشفاق کےنام سےہوئی جبکہ زخمیوں میں احمد اورعبدالباسط شامل ہیں ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا ہے۔
گذشتہ ہفتے شہر قائد میں تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے 4 موٹر سائیکل سوار جان سے چلے گئے تھے۔
مزید پڑھیں : کراچی : تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے 4 موٹر سائیکل سوار جاں بحق
کلفٹن تین تلوار چوک پر تیز رفتار ڈبل کیبن کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک ڈیلیوری بوائے جاں بحق ہوا تھا تاہم حادثے کے ذمہ دار ڈبل کیبن ڈرائیور عثمان شاہ راشدی کو پولیس نے گرفتار کر کے درخشاں تھانے منتقل کر دیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق موٹرسائیکل سوار ڈیلیوری بوائے کی شناخت مرتضیٰ کے نام سے ہوئی ہے جو حادثے کے بعد موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ گرفتار ڈرائیور عثمان شاہ راشدی سابق ڈی آئی جی پیر حسن شاہ راشدی کا پوتا ہے۔
دوسری جانب شارع فیصل کار ساز پر بھی ایک تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور ان کے ساتھ موجود خاتون زخمی ہوئی تھیں، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔