اسلام آباد : نیپرا دستاویز نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا، جس میں بتایا کے ای نے سستی بجلی خریدنے کے بجائے مہنگی بجلی پیدا کی۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک وفاق سے سستی بجلی لینے میں ناکام رہا اور مہنگے ذرائع سے پیداوار جاری رکھی۔
مارچ میں سستی بجلی نہ خریدنے سے کے ای صارفین پر ڈھائی ارب کا اضافی بوجھ پڑا، وفاق کی سستی بجلی خریدنے کے بجائے کے ای نے مہنگی ایل این جی سے بجلی پیدا کی۔
نیپرادستاویز نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا، دستاویز میں کہا گیا کہ کےالیکٹرک وفاق سے سستی بجلی لینے کے بروقت انتظامات کرنے میں ناکام رہی۔
مزید پڑھیں : نیپرا نے کے الیکٹرک کے نقصانات کا بوجھ کراچی کے عوام پر ڈال دیا
ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ انٹر کنکشن میں تاخیر سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑرہا ہے، کے ای وفاق سے 1600 کے بجائے 1312 میگا واٹ بجلی لے رہی ہے۔
رفیق شیخ نے بتایا کہ مارچ میں کے ای نے اپنے پیداواری یونٹ کم صلاحیت پر چلائے، پارٹ لوڈ ایڈجسٹمنٹ چارجز سے بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جبکہ پاورپلانٹس کم مدت تک چلانے سے 5 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت بڑھی۔
ممبر نیپرا کا مزید کہنا تھا کہ مالی نقصانات کم کرنے کے لیے کے ای کو اپنی نااہلیوں پر قابو پانا ہوگا، کے ای بہتر انتظامات کر کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلا سکتی ہے۔