ہفتہ, جون 7, 2025
اشتہار

راکٹ نامی قربانی کا بیل گھر آتے ہی راکٹ کی طرح اُڑ گیا، وائرل ویڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

عیدالاضحیٰ میں ایک روز باقی ہے لوگ شوق سے جانور خرید کر لا رہے ہیں راکٹ نامی بیل گھر پر اترتے ہی راکٹ کی طرح اُڑ (بھاگ) گیا۔

کل ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی اور لوگ عید کے تین ایام کے دوران سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کریں گے۔

جیسے جیسے عیدالاضحیٰ قریب آ رہی ہے، ویسے ویسے جانوروں کی فروخت میں اضافہ، گلی، محلوں اور گھروں کے باہر خرید کر لائے جانے والے جانوروں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی عجیب وغریب حرکتوں کی دلچسپ اور خطرناک ویڈیوز بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جیسا کہ یہ ویڈیو ہے۔

یہ کراچی کے علاقے بفرزون کی ویڈیو ہے جو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس ویڈیو میں شہری ایک تنومند اور خوبصورت بیل خرید کر لاتا ہے اور گھر کے باہر گاڑی سے بہت جدوجہد کے بعد اتارتا ہے۔

یہ بیل جس کا نام ویڈیو کے مطابق راکٹ ہے۔ اترتے ہی نہ صرف مالک اور اہل محلہ کو تگنی کا ناچ نچا دیتا ہے اور رسی چھڑا کر راکٹ کی طرح اُڑ (بھاگ) جاتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے گاڑی سے اترتے وقت بیل کو دو افراد نے رسیوں کی مدد سے پکڑ رکھا ہے اچانک بدک جاتا ہے اور خود کو چھڑانے کی کوشش کرنے لگتا ہے۔ یہ صورتحال دیکھ کر محلے کے دیگر نوجوان مدد کو آتے ہیں لیکن راکٹ تو کسی کو خاطر میں ہی نہیں لاتا اور بالآخر رسی پکڑے نوجوان کو ساتھ گھسیٹ کر لے جاتا ہے اور گلی میں بھگدڑ مچ جاتی ہے۔

مذکورہ نوجوان اپنی جان بچانے کے لیے رسی چھوڑ دیتا ہے۔ بیل بھاگ کر آگے جاتا ہے تو راستہ بند ہونے کے باعث وہ واپس مڑتا ہے اور لوگوں کو ایسے دیکھتا ہے جیسے تنبیہہ کر رہا ہو کہ خبردار میرے راستے میں کوئی نہ آئے۔

اس کے بعد بیل خراماں خراماں چلتا آگے بڑھتا ہے اور جیسے ہی پھر لوگ اس کو پکڑنے کے لیے آتے ہیں تو وہ انہیں روندتا اور گلی میں کھڑی موٹر سائیکلوں کو گراتا ہوا یہ جا وہ جا کے مصداق بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔

 

ویڈیو کے آخر میں متعدد نوجوانوں کو بیل کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگتا دکھایا گیا ہے۔ تاہم یہ راکٹ ملا یا نہیں یہ معلوم نہ ہو سکا۔

قربانی کے اونٹ سے چھیڑ چھاڑ شہری کو مہنگی پڑ گئی! (وائرل ویڈیو)

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں