بھارتی ریاست اتر پردیش کے دلدار نگر تھانہ حدود کے گاؤں جگدیش پور میں شادی کی تقریب میں اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ڈانس کے تنازع پر دولہے کو قتل کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق سیوری تحصیل کے ترلوک پور گاؤں کا رہنے والا راکیش کمار اپنے والد کو مار پیٹ سے بچانے کی کوشش میں شدید زخمی ہوگیا اور وارانسی کے ایک اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
راکیش کمار کے والد کی شکایت پر پولیس نے آٹھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جبکہ ایک ملزم کو غیر قانونی پستول کے ساتھ گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق باقی ملزمان کی تلاش کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دلہن کی انوکھی فرمائش سن کر دولہا خوشی سے جھوم اٹھا
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب راکیش کمار جمعرات کو بارات کے ہمراہ دلہن کے گاؤں پہنچا۔ لڑکی کے اہل خانہ نے مہمانوں کا استقبال کیا، شادی کی تقریب میں کچھ لوگ مسلسل ڈانس کر رہے تھے۔
جمالا کی تقریب جاری تھی کہ اسی دوران میوزک پر ڈانس کرنے والے کچھ نوجوانوں کی بارات میں آئے مہمانوں کے ساتھ کسی بات پر لڑائی ہوگئی۔
جھگڑے کے بڑھنے پر دولہے کے والد نے مداخلت کر کے صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کی لیکن ملزمان نے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کرنا شروع کر دیا۔
اس پر راکیش کمار والد کو بچانے کیلیے کود گیا، نشے میں دھت ایک ملزم نے دولہے کو لاٹھیوں سے مارنا شروع کر دیا اور اس کے سر پر بندوق مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
دولہے کو بے ہوشی کی حالت میں غازی پور کے میڈیکل کالج لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے وارانسی کے ٹراما سینٹر بھیج دیا، علاج کے دوران جمعہ کی رات وہ دم توڑ گیا۔
پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔