کراچی : پریڈی کے علاقے سے گرفتار ملزم شکیل نے دوران تفتیش سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزم شکیل کے مطابق دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی، ملزم شکیل نے انکشاف کیا کہ چھ افراد ہائی روف میں گئے تھے، تین فیکٹری کے اندر اور تین باہر رکے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق اتوار کے روز پریڈی کے علاقے سے چار ساتھیوں سمیت گرفتار ہونے والے ملزم شکیل نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کیمیکل ڈرم لیکر بلدیہ فیکٹری پہنچے اور کچھ ساتھی اندر گئے جنہوں نے فیکٹری میں آگ لگائی بعد میں ہم سب ساتھ ہی فرار ہوگئے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم شکیل عرف چھوٹا کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے ساتھیوں نے بھتہ خوری اور کھالیں چھیننے کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ شہر میں ہڑتال کے دوران فائرنگ سے خوف وہراس بھی پھیلاتے تھے۔
پولیس کے مطابق جس وقت ملزمان کو گرفتار کیا، ان کے قبضے سے ایس ایم جی ، رپیٹر اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا تھا۔