پاکستان اور ایران کی تجارت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی تجارت پہلی دفعہ3.1بلین ڈالرتک پہنچ چکی ہے اور وزیراعظم کی خواہش ہے ایران کیساتھ تجارت کو 10بلین ڈالر تک لے جایا جائے۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات بہت مضبوط ہوئے ہیں شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط ہوئے اور آنے والے سالوں میں پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران میں 30 سے 40ہزار پاکستانی ہیں جب کہ 155 پاکستانی طلبا کو تافتان بارڈر پر بھجوا رہے ہیں، گزشتہ روز 450 پاکستانی زائرین بارڈر پر جا چکے ہیں اس وقت ایران میں ساڑھے 4ہزار زائرین موجود ہیں تاہم پاکستان سے ایران آنے والے زائرین پہلے صورتحال دیکھیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باوجود پاک ایران سرحد بدستور کھلی ہے۔
اس حوالے سے وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کا فضائی راستہ بند لیکن زمینی سرحد سے آمد و رفت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران سے پاکستانی زائرین سرحد کے راستے وطن واپس آ رہے ہیں اور پاکستان سے ایران جانے والے بھی زمینی راستے سے سرحد پار کر رہے ہیں۔
ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، پاکستان سفیر دفتر خارجہ میں ملاقاتیں کر رہے ہیں۔