سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا صدر تھانے کی حدود میں بولان پمپ کے علاقے میں ہوا ہے، دھماکے کی جگہ گہرا گڑھا پڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے ٹریک کے درمیان پتھر کیوں موجود ہوتے ہیں؟
گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع بولان میں مچھ میں ریلوے ٹریک کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ریلوے کا ایک ملازم زخمی ہوگیا تھا۔
دھماکا اس وقت ہوا جب ریلوے کی ایک ٹیم معمول کے مطابق ٹریک کی جانچ اور نگرانی پر مامور تھی۔ حکام کے مطابق متاثرہ حصہ فوری مرمت کے بعد بحال کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا خیز مواد ریلوے ٹریک کے قریب نصب کیا گیا تھا۔