اسلام آباد: سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر میں ملاقات دونوں ممالک میں نئی شروعات ہو سکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ کسی بھی امریکی صدر نے پاکستان کے کسی بھی آرمی چیف کو کھانے پر ایسے دعوت پر نہیں بلایا، بھارت اس وقت تنہائی کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت بلاول کے نام سے ڈرگیا، اسے سفارتی سطح پر بدترین شکست ہوئی، شیری رحمان
شیری رحمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو پاکستان کیلیے بہتری کی بات ہے، بھارت میں اس وقت صف ماتم ہے ان کو سمجھ نہیں آ رہا ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ بات کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی نظریں امریکا کے فیصلہ کن کردار کی طرف ہے، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دے دیا اور کہا کہ ان کو جنگ روکنے پر شکریہ کیلیے مدعو کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے، آج فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کو جنگ روکنے پر شکریہ کیلیے مدعو کیا تھا، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں کشیدگی ختم ہونا مثبت ہے۔