بھارت نے احمد آباد میں حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارے کا بلیک باکس امریکا بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے مقامی اخبار اکنامک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ بھارت احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارے سے برآمد ہونے والے بلیک باکس کو تجزیے کیلیے امریکہ بھیجے گا۔
اکنامک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حادثے کے بعد لگنے والی آگ کی وجہ سے ریکارڈر (بلیک باکس) کو بیرونی نقصان پہنچا جس کی وجہ سے اس کا ڈیٹا نکالنا ناممکن ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: احمد آباد میں حادثے کا شکار طیارے کے انجن سے متعلق حیران کن انکشاف
بھارت کے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) نے رائٹرز کی تبصرہ کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا جبکہ ایئر انڈیا نے بھی جواب دینے سے انکار کیا۔
بھارتی حکام ائیر انڈیا بوئنگ ڈریم لائنر کے حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس میں گزشتہ ہفتے سوار 241 اور زمین پر کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بلیک باکس میں فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر ہوتا ہے۔ یہ حادثے کی تحقیقات کیلیے اہم ہے کیونکہ اس کے ذریعے اونچائی، ہوا کی رفتار اور پائلٹ کی گفتگو ہوتی ہے جس سے حادثے کی ممکنہ وجوہات کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔
فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر سے ڈیٹا نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی واشنگٹن میں قائم لیبارٹری میں نکالا جائے گا جو بعد میں اے اے آئی بی کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔