نیویارک : فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم کو قوم کے لئے ایک روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے ان کی ذہانت،عزم اور کاوشوں کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندہ مشن میں شامل قوت بصارت سے محروم سفارتکار صائمہ سلیم سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے صائمہ سلیم کی غیر معمولی صلاحیتوں، لگن اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کو فروغ دینے میں شاندار کردار کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے صائمہ سلیم کو قوم کے لئے ایک روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ معذور افراد کے لئے عزم و ہمت کی زندہ مثال ہیں، انہوں نے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ بھی کیا، تاکہ وہ قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
مزید پڑھیں : امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری
صائمہ سلیم نے فیلڈ مارشل کو اقوام متحدہ میں اپنے امور کار کے بارے میں بتایا اور درپیش اہم مسائل اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔
جس پر آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کو سراہا، بالخصوص انہوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کا معاملہ یو اینیں موثر طریقے سے اٹھانے پر صائمہ سلیم کی تعریف کی۔
صائمہ سلیم نے بھی اپنی ادبی تخلیق بھی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ شیئر کی۔
اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بصارت سے محروم ہونے کے باوجود صائمہ سلیم کی بین الاقوامی سفارت کاری میں نمایاں و متاثر کن خدمات، عزم اور لگن کو سراہا۔