شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی صنم سعید اور محب مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ صنم سعید نے مداحوں کو خوبصورت کارڈ شیئر کرکے بیٹے کی پیدائش کی اطلاع دی۔
اداکارہ نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے بیٹے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، انہوں نے بیٹے کی تاریخ پیدائش 18 مئی 2025 بتائی ہے۔
صنم سعید نے بیٹے کا نام ’ولی حسن مرزا‘ بتایا اور کہا کہ ہم ننھے بیٹے کو دنیا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
اداکارہ کو بیٹے کی پیدائش پر اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد دی جارہی ہے۔
ماورا حسین نے لکھا کہ بہت پیارا نام ہے میں بہت جلد چھوٹے ہینڈسم کو دیکھنے کے لیے آؤں گی، نوشین شاہ نے بھی مبارکباد کا پیغام شیئر کیا۔
سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے لکھا کہ میں اسے دیکھنے کے لیے انتظار نہیں کرسکتی۔
صنم سعید اور محب مرزا نے مارچ 2023 میں شادی کی تصدیق کی تھی، دونوں کے درمیان 2020 سے شادی کی چہ مگوئیاں تھیں۔
دونوں نے مارچ 2023 میں فہد مصطفیٰ کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر‘ میں شادی کا اعتراف کیا تھا، اس سے قبل دونوں مبہم انداز میں شادی کا اعتراف کر چکے تھے لیکن واضح اقرار نہیں کیا تھا۔