اسلام آباد: گرمی آتے ہی ملک بھر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، مجموعی طور پر ملک میں بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔
ملک بھر میں گرمی بڑھتے ہی لوشیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا، نیپرا زرائع کے مطابق بجلی کا مجموعی شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا، متعدد پاور پلانٹس کو ایندھن کی فراہمی کم ہونے کے باعث طلب و رسد میں اضافہ بڑھتا جارہا ہے۔
بڑے شہروں میں آٹھ جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں بارہ گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
وزارتِ پانی و بجلی کے مطابق فنی خرابی کے باعث کچھ یونٹس سے بجلی کی پیداوار بند ہوئی، بند ہونیوالے پاور یونٹس سے بجلی کی پیداوار بحال کرنے کے لیے آئی پی پیز کی انتظامیہ کام کررہی ہے۔