امریکا نے لبنان سے خاندان کے افراد اور غیرہنگامی امریکی اہلکاروں کو انخلا کا حکم دے دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے لبنان میں امریکی شہریوں کو بھیجے گئے ایک نوٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں سیکورٹی کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر خاندان کے افراد اور غیرہنگامی طور پر امریکی حکومت کے اہلکاروں کو لبنان سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔
امریکا نے گذشتہ سال لبنان میں اسرائیل کی جنگ کے دوران خاندان کے افراد اور غیر ضروری عملے کو وہاں سے جانے کا حکم دیا تھا جس نے لبنانی دہشت گرد گروپ حزب اللہ کو شدید دھچکا پہنچایا تھا، لیکن بعد میں یہ حکم واپس لے لیا گیا تھا۔
اسرائیل اور ایران کی جنگ کے دوران امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری کو لیول 4 تک بڑھادیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے شہریوں سے اسرائیل کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کردی ہے۔
امریکا نے اسرائیل کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری کو لیول 4 تک بڑھا دیا ہے جو اس کی اعلیٰ ترین انتباہی سطح ہے، جس میں اپنے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ "مسلح تنازعات، دہشت گردی اور شہری بدامنی” کی وجہ سے ملک کا سفر نہ کریں۔
اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے ان شہریوں کے لیے انخلا کی پروازوں اور کروز جہازوں کی روانگی کا بندوبست کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جو اسرائیل چھوڑنا چاہتے ہیں۔
سفیر مائیک ہکابی نے اپنے ذاتی ایکس اکائونٹ پر لکھا کہ "فوری نوٹس! امریکی شہری جو اسرائیل چھوڑنا چاہتے ہیں، اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ انخلا کی پروازوں اور کروز جہاز کی روانگی پر کام کر رہا ہے۔”
ہکابی کی جانب سے ذاتی ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کو بعد میں سرکاری اکاؤنٹس پر دوبارہ ری پوسٹ کیا گیا۔