بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی کی ممبر پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے زہران ممدانی کے مسلمان ہونے کی وجہ سے ان کےخلاف بھی زہر اگلنا شروع کردیا ہے۔
نیویارک کے میئر کےلیے پارٹی سے کس امیدوار کو منتخب کیا جائے، ڈیموکریٹک پارٹی کے اس انتخاب میں زہران نے کامیابی حاصل کرلی ہے، انھوں نے مخالف امیدوار اینڈریو کومو کو ہرایا تھا جنھوں نے اپنی شکست تسلیم بھی کی، قوی امکان ہے کہ زہران نیویارک کے پہلے میئر بن سکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زہران ممدانی نے 43 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف اُمیدوار اور سابق گورنر اینڈریو کومو 36 فیصد ووٹ حاصل کر سکے تھے۔
زہران ممدانی بھارتی فلم میکر میرا نائر اور معروف مصنف محمود ممدانی کے بیٹے ہیں، ان کی ڈیموکریٹک پارٹی کے اندوران انتخابات میں کامیابی پر کنگنا نے ٹوئٹ کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کنگنانے لکھا کہ "زہران کی ماں میرا نائر ہیں جو کہ ہماری بہترین فلم میکرز میں سے ایک ہیں، انھیں پدماشری بھی مل چکا ہے، وہ بھارت کی قابل فخر بیٹی ہیں جو نیویارک میں رہتی ہیں”۔
کنگنا نے مزید لکھا کہ "میرا نے گجرات سے تعلق رکھنے والے محمود ممدانی سے شادی کی جو کہ معروف مصنف ہیں اور دونوں کے بیٹے کا نام زہران ہے”۔
بی جے پی کی متنازع رہنما کنگنا نے کہا کہ "وہ بھارتی سے زیادہ پاکستانی لگ رہے ہیں، ان کی ہندو شناخت اور خون کو جو کچھ بھی ہوا ہے وہ ہندوازم کو مٹانے کےلیے تیار ہیں”۔