چترال : گلگت بلتستان اور چترال ملک کے خوبصورت ترین خطوں میں شامل ہے، دنیا کا بلند ترین شندور پولو گراؤنڈ بھی اس وادی کی خاص پہچان ہے۔
جہاں سالانہ لاکھوں کی تعداد میں سیاح ان جنت نظیر وادیوں کی سیر کرنے کیلیے یہاں کا رخ کرتے ہیں وہیں شندور پولو فیسٹیول بھی اپنی مثال آپ ہے۔
چترال کے بلند ترین مقام شندور سطح سمندر سے ساڑھے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے جہاں دنیا کا سب سے اونچا پولو گراؤنڈ واقع ہے لیکن یہ مقام جتنا حسین اور دلفریب ہے اس کا راستہ بھی انتہائی کٹھن ہے جس سے گزر کر یہاں آنا پڑتا ہے۔ بقول شاعر:
!! ان ہی پتھروں پہ چل کر اگر آ سکو تو آؤ
مرے گھر کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے
اے آر وائی نیوز چترال کے نمائندے نذیر حسین شاہ کی رپورٹ کے مطابق یہاں پر آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ 8 گھنٹے تک دشوار گزار پہاڑی راستوں کا سفر انسان کو بری طرح تھکن سے چُور کر دیتا دیتا ہے لیکن یہاں کے خوبصورت نطارے دیکھنے کے بعد ساری تھکن دور ہوجاتی ہے۔
ایک سیاح کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کیلیے فور بائی فور گاڑی کا ہونا ضروری ہے حکومت کو چاہیے کہ ہم جیسے لوگ جو اتنی مہنگی گاڑی نہیں رکھتے ان کیلیے سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد کیا جائے۔
یاد رہے کہ گلگت بلتستان اور چترال کا صدیوں پرانا کھیل پولو جس کو کھیلوں کا بادشاہ اور بادشاہوں کا کھیل بھی کہا جاتا ہے، پولو فیسٹول ہر سال باقاعدگی سے منعقد کرایا جاتا ہے جس میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک کے لوگ بھی دیکھنے آتے ہیں۔