کراچی : گزشتہ دنوں پاک بھارت جنگ کی صورتحال کے تناظر میں محب وطن پاکستانیوں نے جس طرح اپنی فوج پر اعتماد، دشمن سے بےخوفی اور اطمینان کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔
پچھلے زمانوں میں جنگیں سرحدوں پر لڑی جاتی تھیں لیکن اب دنیا نے پاکستان بھارت اور ایران اسرائیل کی جنگ میں دیکھا کہ ان جنگوں میں عام اور نہتے لوگ میزائلوں کا نشانہ بنے، ان جنگوں میں اسپتالوں گھروں اور پبلک مقامات کو ہٹ کیا گیا۔
پاک بھارت جنگ کے سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے لوگوں سے بات چیت کرکے ان کے خیالات جانے اور ان سے پوچھا گیا کہ آئندہ اگر بھارت کی جانب سے اس طرح کی جارحیت کا ارتکاب دوبارہ کیا گیا تو کیا پاکستانی قوم اس کا جواب دینے کیلیے تیار ہے؟
اس سوال کے جواب میں شہریوں نے جس زبردست ردعمل کا مظاہرہ کیا وہ قابل دید ہے۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ دنیا کے سارے ملک ایک جگہ لیکن اگر بھارت نے کچھ کیا تو ہم بحیثیت قوم اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
ایک شہری نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کو دیکھ لیا کہ جنگ میں ہم دشمن کا کیا حال کرتے ہیں ہم پوری قوم سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ایک اشارے پر ان کے حکم پر لبیک کہے گی۔
ایک اور شہری نے کہا کہ حکومت کو جب تک مقامی لوگوں کی مکمل حمایت حاصل نہیں ہوتی تب تک باہر سے آکر کوئی بھی شخص اندرونی انفارمیشن نہیں لے سکتا۔ لیکن کچھ لوگ پیسے کی لالچ میں آکر اپنی حب الوطنی اور ایمان کا سودا کرلیتے ہیں۔ اس کا مظاہرہ ہم نے ایران میں دیکھا کہ اس کا کتنا نقصان ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالات پرعسکری بصیرت سے قابو پایا
اس موقع پر ٹیم سر عام نے سروسز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کے باہر ڈاکٹروں سے گفتگو کی ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دونوں جنگوں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جس طرح برد باری اور عسکری بصیرت سے حالات پر قابو پایا وہ قابل تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت ڈاکٹرز جب بھی کوئی ایسا موقع آیا تو ہم فرنٹ لائن پر اپنی پاک آرمی کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔