پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے 3 افراد کی جان لے لی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دہشتگردوں کی جانب سے لکی مروت میں فائرنگ کا واقعہ تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں پیش آیا، فائرنگ سے شہاب خیل امن کمیٹی کے صدر دستگیر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق دیگر 2 افراد کی شناخت صلاح الدین اور فرمان کے ناموں سے ہوئی، تینوں لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت میں خاتون سمیت 3 افراد قتل کر دیے گئے
واضح رہے کہ لکی مروت اور خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں دہشتگردی کے ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔
14 جون کو لکی مروت کے علاقے ملک آباد محلہ ریلوے اسٹیشن سے دہشتگردوں نے پولیس اہلکار خوشدل خان کو رات گئے گھر سے اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔
اغوا کاروں نے اہلکار کو کچھ فاصلے پر لے جا کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اہلکار خوشدل کو گھر کے قریب ہی گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا، پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔
پولیس نے دہشتگردوں کی تلاش شروع کی جبکہ مقتول کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا تھا۔