این ڈی ایم اے نے آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کُمراٹ ویلی میں گلیشیئر پھٹنے کے خدشے پر الرٹ جاری کیا ہے، گلگت بلتستان کے علاقوں بدسوات، ہنارچی، ترسات ہندور، دار کوٹ اور اشکومن میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ بڑھ گیا۔
آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ اور کوٹلی میں شدید بارشوں اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے، خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، کوہستان، بنوں، کرک اور وزیرستان میں تیز بارش اور آندھی طوفان متوقع ہے۔
اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، قصور اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، خضدار، ژوب، سبی، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں گرد آلود ہواؤں سمیت شدید بارشیں متوقع ہیں۔
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ اور جیکب آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، میدانی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بجلی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈ سے شہریوں کو دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔