تہران : ایران نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرانی قیادت سے متعلق بیان توہین آمیز اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات ایران کے وقار اور مسلم دنیا کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں، امریکی صدر کے بیانات خطے کے کروڑوں مسلمانوں کی توہین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی بدنیتی پر مبنی پالیسیاں عالمی نفرت کا سبب بن رہی ہیں، امریکا مذاکرات اور مکالمے کی خواہش کا دعویٰ کھوکھلا ثابت ہورہا ہے۔
The complexity and tenacity of Iranians is famously known in our magnificent carpets, woven through countless hours of hard work and patience. But as a people, our basic premise is very simple and straightforward: we know our worth, value our independence, and never allow anyone…
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) June 27, 2025
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا صہیونی ریاست کے مظالم کی حمایت کررہا ہے، امریکی حکام غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی زبان استعمال کرنے سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں کو نقصان ہوگا۔
ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو ’’بے ادبی اور ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے جس میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو ذلت آمیز موت سے بچایا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی زبان سے دوبارہ مذاکرات کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ واقعی کوئی معاہدہ چاہتے ہیں تو انہیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں بے ادبی اور ناقابل قبول لہجہ ترک کرنا ہوگا۔
عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کے عظیم اور طاقتور لوگ جنہوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ اسرائیلی حکومت کو ہمارے میزائلوں سے بچنے کے لیے ’ڈیڈی‘ کے پاس جانا پڑا، وہ دھمکیوں اور گالیوں کو پسند نہیں کرتے۔
مزید پڑھیں : میں نے ایرانی سپریم لیڈر کی جان بچائی، ٹرمپ
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کی تقریر کے بعد ایران پر پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ ترک کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کو بچایا لیکن انہوں نے میرا شکریہ تک ادا نہیں کیا، جانتا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے کہاں پناہ لی ہوئی ہے، میں نے ان کی جان بچائی، میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ جیتنے سے متعلق ایرانی سپریم لیڈر کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے، ایک ایماندار شخص کے لیے جھوٹ بولنا مناسب نہیں۔