لاس اینجلس : ایپل فلمز کی مہنگی ترین فلم ’’ایف1: دی مووی‘‘رواں ہفتے ریلیز ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے امریکہ اور کینیڈا کے باکس آف پر چھا گئی۔
رپورٹ کے مطابق سابق کار ریسنگ ڈرائیور آتے ہی باکس آفس پر چھا گیا، ہالی ووڈ کی اسپورٹس ڈرامہ فلم ’’ایف1: دی مووی‘‘ ریلیز کے تین دنوں میں 56.6ملین ڈالر کما کر باکس آفس پر آگے رہی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلم بنانے اور مارکیٹنگ پر کم از کم 350 ملین ڈالر خرچ ہوئے، اس لیے فلم کو منافع کمانے کے لیے آئندہ ہفتوں میں بڑی تعداد میں شائقین کو مزید متوجہ کرنا ہوگا۔
ایپل اوریجنل فلمز کے بینر تلے بننے والی اس اسپورٹس ڈرامہ فلم میں ہالی وڈ اسٹار بریڈ پٹ نے ایک فارمولا 1 ڈرائیور کا کردار ادا کیا ہے جو ایک حادثے کے بعد دوبارہ ریسنگ ٹریک پر واپس آتا ہے۔
فلم نے جمعرات سے اتوار تک شمالی امریکہ کے ساڑھے3 ہزار سے زائد سنیما گھروں سے تقریباً 55.6 ملین ڈالر کی کمائی کی۔ خاص طور پر آئی میکس سنیما گھروں میں شائقین کی بڑی تعداد نے مہنگے ٹکٹ خرید کر فلم دیکھی۔
یاد رہے کہ ایپل کی گزشتہ فلمیں ’آرگائل‘ اور ’فلائی می ٹو دی مون‘ باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں، جب کہ گزشتہ سال ایپل نے اپنی فلم ’وولفس‘ کی بڑے پیمانے پر ریلیز عین وقت پر منسوخ کرکے اسے صرف ایپل ٹی وی پلس پر ریلیز کیا تھا۔