کراچی : نئے مالی سال کے پہلے ہی دن اسٹاک مارکیٹ نے پہلی بار ایک لاکھ 28 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے مالی سال کے پہلے ہی دن زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اور بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ اٹھائیس ہزار کی سطح عبور کرلی اور 2512 پوائنٹس اضافے کے ساتھ انڈیکس ایک لاکھ اٹھائیس ہزار 140 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوران کاروبار انڈیکس میں 2522 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھا گیا، اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے گزشتہ مالی سال میں مارکیٹ روپے کے لحاظ سے ساٹھ فیصد جبکہ ڈالر کے لحاظ سے ستاون فیصد اوپر گئی، جس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں میں اعتماد دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسٹاک ایکسچینج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں ہفتہ وار بنیادوں پر 4,355 پوائنٹس یا 3.6 فیصد اضافے سے 124,379 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔
اس تیز رفتار تیزی کی بڑی وجہ مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی کشیدگی میں کمی اور قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ کی باآسانی منظوری تھی۔