اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) دفاتر کے چکر لگانے سے پریشان شہریوں کیلیے گھر کے قریب ہی بڑی سہولت دستیاب کر دی گئی۔
نادرا نے شہریوں کی آسانی کیلیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام خدمات یونین کونسلز میں دستیاب کر دیں، شہری اب اپنی متعلقہ یونین کونسل میں شناختی دستاویزات کی تمام خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا کا ’ب‘ فارم کے حوالے سے اہم اعلان
خدمات میں قومی شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، ازدواجی حیثیت کی تبدیلی، شناختی کارڈ کی منسوخی و دیگر سہولیات دستیاب ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ خدمات اسلام آباد کے علاقے سید پور، سہالہ، ماڈل ٹاؤن، کورال، آئی ٹین فور، چکوال کے علاقے مرید اور گجرات کے علاقے دولت نگر کی یونین کونسلز میں میسر ہیں۔
پچھلے دنوں نادرا نے شناختی کارڈ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان کی جس سے لمبی قطاروں میں نہیں لگنا پڑے گا۔ کراچی کے شہریوں کو بڑی سہولت دیتے ہوئے نادرا نے بائیکر سروس 3 سے بڑھا کر 8 کر دی۔
ڈی جی عامرعلی خان نے بتایا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بائیکر سروس کے ذریعے شناختی کارڈ کی تجدید اور دیگر سہولیات دستیاب ہے۔
عامرعلی خان کا کہنا تھا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی آگاہی کیلیے کراچی میں روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جبکہ یونیورسٹی، اسکولز، شاپنگ مالز میں پاک آئی ڈی مہم شروع کر دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پاک آئی ڈی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ اور تکنیکی مسائل حل کر دیے گئے۔