بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

مون سون کے پہلے اسپیل نے پاکستان میں کتنی تباہی مچائی؟

اشتہار

حیرت انگیز

مون سون خطے کے کئی ممالک میں تباہی مچا رہا ہے مون سون کے پہلے اسپیل میں پاکستان میں کتنی تباہی مچائی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

پاکستان میں مون سون کا پہلا اسپیل ختم ہو چکا ہے جب کہ آج سے 5 جولائی تک دوسرے اسپیل کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مون سون کے پہلے اسپیل نے ملک بھر میں کافی تباہی مچائی۔ کرنٹ لگنے، مکانات اور دیواریں گرنے، دریا میں ڈوبنے سے 50 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوا، جہاں 21 افراد اپنی جان سے گئے۔ سب سے افسوسناک واقعہ دریائے سوات میں پیش آیا جہاں درجنوں سیاح سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ اکثریت کو ریسکیو کر لیا گیا تاہم 12 کے قریب افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

مون سون کے پہلے اسپیل میں صوبہ پنجاب میں 18، سندھ میں 7 اور بلوچستان میں 4 اموات ہوئیں۔ مرنے والوں میں 30 سے زیادہ بچے اور خواتین شامل ہیں۔

بارشوں نے جانی نقصان کے علاوہ مالی نقصان بھی پہنچایا اور درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔ خٰبر پختونخواہ میں 50 سے زائد مکانات مکمل تباہ جب کہ 10 کو جزوی نقصان پہنچا۔

پنجاب میں 30 سے زائد مکانات گر گئے یا جزوی نقصان پہنچا جب کہ 57 افراد زخمی بھی ہوئے۔ بلوچستان میں بھی 10 سے زیادہ مکانات بارشوں سے متاثر ہوئے۔

لوگ ابھی مون سون کے پہلے اسپیل کی تباہ کاریوں کی لپیٹ میں ہیں کہ مون سون کا ایک اور اسپیل آج سے شروع ہو چکا ہے۔

مون سون کے دوسرے اسپیل میں مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جڑواں شہروں اسلام آباد اور پنڈی میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا اور واسا انتظامیہ نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

اس کے علاوہ آج سیالکوٹ، ڈسکہ، گجرات، سرائے عالمگیر، وزیر آباد، اٹک اور نارووال میں بھی بادل جم کر برسے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے 5 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کے ساتھ پنجاب، سندھ اور کے پی میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں