جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

کراچی : پولیس مقابلے کا زخمی ملزم اسپتال سے ڈرامائی انداز میں گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد کے علاقوں ڈیفنس نیو کراچی اور سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلے ہوئے، پولیس نے ایک زخمی ملزم کو دوران علاج اسپتال سے ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ شاہین کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، 4رکنی ڈکیت گینگ کا ایک زخمی ملزم جناح اسپتال سے ڈرامائی انداز سے گرفتار کرلیا گیا۔

ساؤتھ پولیس کے مطابق ملزم مبشر خود کو ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ظاہر کرکے جناح اسپتال میں روپوش تھا، صدر پولیس نے کنٹرول انٹری کے بعد درخشاں پولیس کو اطلاع دی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس اہلکاروں نے زخمی ملزم مبشر کو اسپتال میں شناخت کرلیا، مزید شناخت کیلیے پولیس نے مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔

پولیس کے مطابق 4 ملزمان ایک ندیم نامی شہری سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے کہ پولیس سے سامنا ہوگیا۔

جناح اسپتال سے گرفتار ہونے والے زخمی ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ہوگئی ہے، دیگر فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش ٹیکنیکل بنیادوں پر جاری ہے۔

پولیس حکام کامزید کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے گرفتار زخمی ملزم مبشر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے تاہم اس کا علاج جاری ہے۔

سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلہ

دوسری جانب کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ یوسف پلازہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

زخمی ملزم کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

نیو کراچی میں پولیس مقابلہ

علاوہ ازیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک زخمی سمیت 2ملزمان گرفتار کیے گئے، ملزمان کی شناخت عابد اور نبی کے نام سے ہوئی ہے جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں