اسلام آباد: مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا کی حکومت کو گرانے کے معاملے پر پی ٹی آئی نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا حکومت بچانے کے لیے متحرک ہو گئی ہے، اس نے مولانا فضل الرحمان سے حکومت نہ گرانے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ صوبائی حکومت گرانے کےعمل میں شامل نہ ہو، ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ جے یو آئی نے تحریک انصاف کو کے پی حکومت گرانے میں عدم دل چسپی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا نے جواب دیا کہ انھیں کے پی حکومت گرانے میں کوئی دل چسپی نہیں ہے، پی ٹی آئی صوبے میں گورننس پر توجہ دے، جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پی ٹی آئی رابطے کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا نے کہا موجودہ اسمبلیاں بشمول کے پی حقیقی مینڈیٹ کی حامل نہیں ہیں، تاہم وفاق یا صوبائی حکومت میں آنے میں کوئی دل چسپی نہیں، صاف شفاف غیر جانب دارانہ نئے انتخابات ہونے چاہئیں، مولانا نے یہ بھی کہا کہ کے پی میں امن و امان، کرپشن اور گورننس کی بری صورت حال ہے، پی ٹی آئی کو خود صوبے کے حالات دیکھ کر دانش مندانہ فیصلے کرنے چاہئیں۔
کامران مرتضیٰ نے کہا پی ٹی آئی کے دوستوں کی مولانا سے ملاقات ہوئی ہے، پی ٹی آئی سے متعلق الگ اور گنڈاپور سے متعلق الگ انداز میں بات ہوگی، علی امین گنڈاپور مولانا فضل الرحمان سے متعلق نازیبا گفتگو کرتے ہیں۔