ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

بھارت میں چند پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک رسائی بحال

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں چند پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر سے پابندی اٹھا لی گئی جس کے بعد صارفین کی ان تک رسائی بحال ہوگئی۔

انڈین میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھارت میں ماورا حسین، صبا قمر، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی اور دانش تیمور سمیت چند دیگر پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک صارفین کو رسائی حاصل ہوگئی۔

تاہم فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور عاطف اسلم سمیت بیشتر پاکستانی فنکاروں کے اکاؤنٹس پر تاحال پابندی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی اٹھا لی

واضح رہے کہ بھارت نے 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد نہ صرف پاکستان کے خلاف ’آپریشن سندور‘ کے نام سے ناکام کارروائی کی تھی بلکہ پاکستانی فنکاروں، نیوز چینلز اور یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی گئی۔

پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے دوران 26 سیاحوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔ نئی دہلی نے واقعے کو چند گھنٹے گزرنے کے بعد ہی پاکستان پر نہ صرف الزام عائد کیا بلکہ سندھ طاس معاہدہ بھی معطل کر دیا تھا۔

ماورا حسین نے 2016 میں بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے کے ساتھ فلم صنم تیری قسم سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا تاہم بعد میں انہیں فلم کے سیکوئل سے ہٹا دیا گیا۔

ہرش وردھن رانے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ اگر پروڈیوسر سیکوئل کیلیے ماورا حسین کو شامل کریں گے تو وہ اس کا حصہ بننے سے انکار کر دیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کو پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فلم سردار جی 3 میں کام کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے، فلم کو بھارت میں جاری تنازع کے درمیان ریلیز بھی نہیں کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں