جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

خاتون نے ایسا کیا کہا کہ انجینئر نے خود کو سالوں تک گھر میں قید کر لیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں خود کو 5 سال تک گھر میں قید رکھنے والے انجینئر انوپ کمار کو فلاحی ادارے نے ریسکیو کر لیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے جوئی نگر کے رہائشی 55 سالہ انجینئر انوپ کمار نے والدین کی موت کے بعد دنیا سے رابطہ منقطع کرتے ہوئے خود کو اس طرح گھر میں قید رکھا کہ کسی کو خبر نہ ہوئی۔

انجینئر انوپ کمار کی والدہ بھارتی فضائیہ میں تھیں جبکہ والد ٹاٹا اسپتال میں پی آر آفیسر تھے۔ والدین کی قدرتی موت کے باعث وہ شدید صدمے میں چلا گیا تھا۔

والدین کی وفات کے بعد انجینئر انوپ کمار کی ملاقات ایک خاتون سے ہوئی جس نے اسے حوصلہ دینے کے بجائے ڈرانا شروع کر دیا، خاتون نے اسے خبردار کیا کہ اگر وہ باہر گھومے پھرے گا تو لوگ اسے لوٹ لیں گے۔

خاتون کی بات انوپ کمار کے ذہن میں بیٹھ گئی اور اسے نے خود کو گھر میں قید کر لیا۔ اس نے رشتے داروں اور دوستوں سے رابطہ منقطع کیا، گھر پر آن لائن آرڈر کر کے کھانا منگواتا تھا جبکہ کچرا اور گندگی بھی گھر میں ہی پھینک دیتا تھا۔

سیل آشرم نامی فلاحی ادارے کو اطلاع ملی کہ انوپ کمار نے خود کو گھر میں بند کر رکھا ہے، ادارے کی ٹیم نے اس کی تلاش شروع کی اور 30 جون 2025 کو اسے گھر سے ریسکیو کر کے سیل آشرم منتقل کر دیا جہاں اس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

فلاحی ادارے کے بانی ایم فلپ نے بتایا کہ انوپ کمار کی دماغی حالت درست نہیں ہے کیونکہ اس نے مسلسل 5 سالوں تک خود کو چار دیواری میں قید رکھا تھا۔

ایم فلپ نے بتایا کہ ہم انجینئر کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، فی الحال انہیں صحت سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں