اداکارہ ریحام رفیق کا کہنا ہے کہ بعض اداکارائیں مقابلہ کرنے کے بجائے منفی رویوں پر اتر آتی ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں ’امل‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ ریحام رفیق کا کہنا ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاراؤں کے درمیان نمبر ون کا مقابلہ رہتا ہے لیکن بعض اداکارائیں مقابلہ کرنے کے بجائے منفی رویوں میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی سے مقابلہ نہیں کیا نہ وہ کسی سے اپنا موازنہ کرتی ہیں البتہ انہوں نے دیکھا ہے کہ بعض اداکارائیں دوسری اداکاراؤں سے جلتی ہیں جس وجہ سے ماحول خراب ہوتا ہے۔
ریحام رفیق کے مطابق وہ انسٹاگرام پر تیاری یا منصوبہ بندی کرکے ریلز شیئر نہیں کرتیں، انہیں بعض ریلز پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن وہ ایسی باتوں پر وجہ نہیں دیتیں۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ ڈراما انڈسٹری لڑکیوں کے لیے محفوظ جگہہ نہیں ہے، آنے کی خواہش رکھنے والی لڑکیوں کو پہلے سے ہی انڈسٹری میں پیش آنے والے ممکنہ خطرات سے متعلق خبردار رہنا چاہیے۔
یہ پڑھیں: لوگ دعائیں دینے کے بجائے کہتے ہیں شادی کرلی اللہ رحم کرے، ریحام رفیق
شادی سے متعلق سوال پر ریحام رفیق نے کہا کہ شادی کرنے سے ان کے کیریئر پر کوئی فرق نہیں پڑا، ان کے شوہر اور سسرالی بہت اچھے ہیں، ان پر کسی طرح کی کوئی پابندیاں نہیں۔
اداکارہ کے مطابق شوہر اور ساس نے ناصرف انہیں اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی آزادی دے رکھی ہے بلکہ وہ ان کا خیال بھی رکھتے ہیں، چھٹی والے دن انہیں آرام کرنے کا کہتے ہیں۔
ریحام رفیق کا کہنا تھا کہ شادی سے ان کی زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑا، جیسے ان کی زندگی پہلے تھی، ویسی ہی شادی کے بعد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر انڈسٹری میں برے اور اچھے لوگ ہوتے ہیں، یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ کس راستے کا انتخاب کرتا ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ساتھ کبھی کوئی خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔