ایشین فٹ بال فیڈریشن (اے ایف سی) ویمن ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میزبان انڈونیشیا کو دو صفر سے شکست دے دی۔
گروپ ڈی کے میچ میں گرین شرٹس کی جانب سے نادیہ خان اور سوہا ہیرانی نے پہلے ہی ہاف میں گول داغ دیے۔
نادیہ خان نے کھیل کے 8ویں منٹ میں جبکہ 18ویں منٹ میں سوہا ہیرانی نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، یہ پاکستانی کھلاڑی نادیہ خان کا انٹرنیشنل کیریئر کا 5واں گول تھا۔
اس دوران ویمن ٹیم کی گول کیپر زیانا جیوراج نے حریف ٹیم کے متعدد حملے ناکام بنائے، اس شاندار فتح پر کھلاڑیوں نے بھرپور جشن منایا۔
ایونٹ میں قومی ٹیم کا تیسرا مقابلہ ہفتے کو کرغزستان سے ہوگا، پاکستان ویمن کی فیفا رینکنگ میں 157 اور انڈونیشیا کی رینکنگ 95 ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے ستمبر 2023 کے بعد پہلی بین الاقوامی کامیابی حاصل کی، آخری بار پاکستان نے لاؤس کی ٹیم کو پنالٹیز پر شکست دی تھی۔