وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا الیکشن نہیں جیت سکتا، ہماری حکومت کیا گرائے گا؟
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ گورنر کی میری حکومت گرانے کی حیثیت نہیں، وہ کے پی کونسلر کی سیٹ بھی جیت نہیں سکتے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ سوات پر انکوائری جاری ہے، کوتاہی ثابت ہونے پر سزا دی جائے گی، کوئی طاقت ور نہیں صوبے میں تجاوزات کے خلاف بلاتفریق آپریشن ہوگا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت گرانے اور نہ گرانے کی بحث ملکی سیاسی حلقوں میں زور و شور سے جاری ہے، ایک جانب اہم حکومتی ملاقاتیں جاری ہیں جب کہ دوسری طرف وزیراعلیٰ کے پی نے اس حوالے سے چیلنج بھی دیا ہے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ اگر اپوزیشن کے پاس اکثریت ہو تو حکومت کی تبدیلی آئینی حق ہے، اسے سازش کہنا درست نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مخصوص نشستوں کی بحالی کے بعد بننے والی نئی سیاسی صورتحال پر بھی بات ہوئی اور کہا کہ گنڈاپور کے خلاف سازش کرنے کے لیے ان کے اپنے لوگ ہی کافی ہیں۔