اسلام آباد: اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس دائر کر دیا گیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے 26 اپوزیشن ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی تقریب کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 26 معطل اپوزیشن ارکان نئی مشکل میں پھنس گئے
28 جون کو اسپیکر ملک محمد احمد خان نے معطل کیے گئے ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔
ملک محمد احمد خان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ معطل پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجواؤں گا، اپوزیشن ارکان اپنے لیڈر کی بات نہیں سنتے تو آئین مجھے حق دیتا ہے ریفرنس بھجواؤں، سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا اس ضمن میں فیصلہ بالکل واضح ہے۔
اسپیکر نے کہا تھا کہ ہمیشہ آئین کی پاسداری کی تلقین کی ہے، جمہوری اور پارلیمانی روایات کی پاسداری پر یقین رکھتا ہوں لیکن ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رویہ افسوسناک ہے، کل نشستوں پر 37 انتخابی عذرداریاں داخل کی گئیں، پی ٹی آئی نے 2014 میں بھی دھاندلی کے الزامات لگا کر نظام مفلوج کرنے کی کوشش کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا ہر ایک کیلیے ضروری ہے جبکہ اسمبلی کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانا میری ذمہ داری ہے، رولنگ کے باوجود اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی خلاف ورزی ہے، اسمبلی میں حکومتی جماعت کو برتری حاصل ہے، نظام کو یرغمال نہیں بنانے دیں گے، ایوان میں اپوزیشن ارکان کو زیادہ سے زیادہ وقت دیا۔