کراچی : جماعت اسلامی نے لائن لاسز کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، درخواست میں استدعا کی کہ غیرقانونی لوڈ شیڈنگ پر نیپرا کو ایکشن لینےکاحکم دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لائن لاسز کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
بدترین غیر قانونی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست جماعت اسلامی کے 9ٹاوٴن چیئر مینوں کی جانب سے دائر کی گئی ،درخواست میں وفاقی حکومت، کے الیکٹرک اور نیپرا کو فریق بنا یا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں کہہ چکی ہیں کہ آئین کے تحت بجلی عوام کا بنیادی حق ہے مگر کے الیکٹرک آئینی، قانونی کوئی بھی پابندی قبول کرنے کو تیار نہیں۔
درخواست کے مطابق وفاقی حکومت کو آئین کے تحت شہریوں کو بجلی کی فراہمی اور پیداوار کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، نیپرا پہلے ہی یہ قرار دے چکی ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ خلاف قانون ہے۔
جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک لائن لاسز کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کرنے کے باعث وہ صارفین بھی متاثر ہو رہے ہیں، جو باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں، نیپرا نے گزشتہ سال 2 اپریل کو کے الیکٹرک کے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیا، نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی وقفہ اور رکاوٹ کے بغیر تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بنائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کا موسم ہے اور اس وقت اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ بجلی کی فراہمی معطل نہ ہو۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ناجائز لوڈ شیڈنگ پر نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن لینے کاحکم دیا جائے۔