لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس کے باہر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شہریوں پر شیر نے اچانک حملہ کر دیا۔
گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس میں شیر نے فیملی پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلا کھلا رہ گیا تھا جس سے نکل کر شیر نے فیملی پر حملہ کیا، زخمیوں کو طبی امداد کےلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
تاہم اب اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر فارم ہاؤس کی دیوار سے پھلانگ لگا کر سڑک پر آجاتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شپر پہلے خاتون پر حملہ کرتا ہے اور جب خاتون بھاگتی ہے تو شیر چھوٹے بچے کی طرف لپکتا ہے جس میں 2 بچے شدید زخمی ہوجاتے ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شیر کے مالک سمیت تین ملزمان کو دھر لیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں ملک اعظم عرف شانی، اس کا بیٹا بہرام اور بھائی ملک ناظم شامل ہے۔
اس کے علاوہ وائلڈ لائف حکام نے شیر کو تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے، وائلڈ لائف کا کہنا ہے لائسنس اور حفاظتی تقاضوں کے بغیر شیر رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے، خلاف ورزی پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہے۔