پنجاب کی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 52 ارب 35 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب ٓحکومت کی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا رواں مالی سال کا دوسرا اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف کی زیر صدارت لاہور میں ہوئی۔ جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 52 ارب 35 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں زراعت، بلدیات اور روڈ سیکٹرز کی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سولر ٹیوب ویلز اسکیم کے لیے 7 ارب 22 کروڑ، زرعی گریجویٹس انٹرن شپ اسکیم کے لیے 2 ارب 15 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ کسان کارڈ اسکیم کے لیے 9 ارب 86 کروڑ، گرین ٹریکٹر پروگرام فیز 2 کے لیے 5 ارب 7 کروڑ، ہائی پاور ٹریکٹر پروگرام کے لیے 9 ارب 58 کروڑ اور پوٹوہار میں زرعی بہتری کے لیے 7 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں پی آئی ایم یو، پی آر ایم ایس سی اور سروس ڈلیوری یونٹس کے لیے 4 ارب، راولپنڈی جی پی او چوک انڈر پاس منصوبے کے لیے 5 ارب 55 کروڑ اور منڈی بہاؤ الدین میں سڑک کی کشادگی کے لیے ایک ارب 86 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے۔