لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے ہاتھوں کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد مارے گئے، مقابلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لکی مروت میں سی ٹی دی اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر نواحی گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی ٹیپو گل گروپ کے 3مبینہ اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر ڈالا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں اور پولیس میں کئی گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا، ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت وسیم اللہ عرف عمرخطاب کے نام سے ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ دہشت گرد قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت بھی ہلاک ہوئے، دہشت گرد سی ٹی ڈی اہلکار وحیداللہ، ٹریفک اہلکار انور شیر، ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
مذکورہ دہشت گرد ملک کے مختلف شہروں میں آئی ای ڈی دھماکوں، پولیس پر حملوں اور سنگین جرائم میں بھی پولیس کو مطلوب تھے، ہلاک دہشت گروں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور 6 فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔