لندن: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور کو سات گھنٹے کی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے محمد انور کوجولائی کے وسط تک ضمانت پر رہا کر دیا۔ لیکن انہیں کسی بھی وقت تفتیش کیلئے طلب کیا جا سکتا ہے ۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق محمد انور کے برطانیہ سے باہر جانے پر پابندی ہے، اسکاٹ لینڈ یار ڈ پولیس نے گزشتہ روز محمد انور کے گھر کی تیرہ گھنٹے تک تلاشی لی تھی،اسے وہاں سے کیا ثبوت ملے ابھی اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ۔
پولیس نے زیر حراست محمد انور سے سات گھنٹے تک پوچھ گچھ بھی کی ۔ اور محمد انور کو وکیل فراہم کرنے کے ایک گھنٹے بعد ہی انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ۔
محمد انور کے گھر کی تلاشی کے دوران برطانوی پولیس نے فرانزک ماہرین سے مدد بھی لی تھی ۔