کراچی : تحریکِ انصاف کے این اے 246 سے امیدوار عمران اسماعیل کا کہنا ہے ایم کیو ایم کو عبرت ناک شکست دیں گے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ عوام اٹھائیس سال سے متحدہ پر اعتماد کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل نے این اے 246 میں تحریکِ انصاف کی مقامی رہنماء نازیہ ربانی کی رہائش گاہ پر کیمپ آفس کا افتتاح کردیا۔
عمران اسمعیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کراچی سے خوف کی فضا ختم کرنے آئی ہے۔
ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ اٹھائیس سال سے نشست جیت رہے ہیں اب بھی جیتیں گے۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ضابطہ اخلاق سے متعلق اہم اجلاس ہوا،جس میں ضابطہ اخلاق طے کیا گیا، اجلاس میں اس حلقے سے انتخاب لڑنے والے تمام امیدواروں نے شرکت کی۔
این اے دو سو چھیالیس میں ضمنی الیکشن کا نتیجہ کیا ہوگا؟ یہ کسی کو نہیں معلوم لیکن سیاسی گرما گرمی نے انتخاب کی اہمیت بڑھا دی ہے۔