کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے جبکہ پولیس اور رینجرز نے گینگ وار کے ملزمان سمیت سو سے ملزمان گرفتار کرلئے۔
شہر میں پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا پولیس حکام کے مطابق گلشن معمار میں مزار پر چھ افراد کے قتل کا معمہ حل نہ ہوسکا۔پولیس کے مطابق قتل میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں تاہم دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔
گلشن معمار پارک کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، شاہ فیصل عظیم پورہ کے علاقے سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جبکہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی کی کچرا کنڈی سے نوزائدہ بچی کی لاش ملی ہے۔
حسین ہزارہ گوٹھ میں فائرنگ کر کے تین افراد کو زخمی کر دیا گیا۔لیاری کے علاقے بہار کالونی میں فائرنگ سے بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری کے علاقے سیفی لین سے گینگ وار کے تین ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ایسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف کاروائیاں کرتے ہوئےایک سو گیارہ ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان بر آمد کر لیا