کراچی : اسماعیلی کمیونٹی کے ایک وفد نے سلطان علی الانہ کی قیادت میں آج شام گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے سانحہ صفوراچورنگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک شرمناک واقعہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اشکبار ہے اور پوری قوم نے اس اندوہناک سانحہ کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جو عناصر بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بہت جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا انہو ں نے کہا کہ اسماعیلی کمیونٹی پاکستان میں بسنے والی پُرامن کمیونٹی ہے جس کا اعتراف برملا کیا جاتا ہے۔
انہو ں نے کہا کہ اس کمیونٹی کے ساتھ کسی کی دشمنی بعید از خیال ہے، لہذا اس کمیونٹی کے اوپر اس ظلم کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
انہو ں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت اس بات کا تہیہ کرچکی ہے کہ اس شہر اور ملک بھر سے دہشت گردی کو یکسر ختم کرکے دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پسپائی اختیار کررہے ہیں لہٰذا وہ اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے معصوم لوگوں کی جان لے کر خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔
گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اسماعیلی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات اٹھائیں گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا اعادہ نہ ہو ۔
دریں اثناء گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پرنس کریم آغا خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور سانحہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔