لاہور: شاہدرہ ٹاؤن میں جوتے کی دکان پر ڈکیتی کے دوران شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا، دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں جوتے کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران وہاں موجود لوگوں نے ایک ڈاکو کو رنگے ہاتھوں دھر لیا، جبکہ دوسرا موقع پا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پکڑے جانے والے ڈاکو کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈاکو کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا۔
اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان پر کھیل کر مسلح ڈاکو کو قابو کیا اور بعد میں ڈاکو کو پکڑ کر شہریوں نے اسے ڈکیتی کا مزہ چکھایا۔