کراچی : لیگی ایم این اے نے قومی ائیر لائن کو مالی جھٹکا دے دیا، اے آروائی نیوز کی خبر پر پی آئی اے نے ذمہ داروں کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز مسلم لیگ نون کے ایم این اے عبدالغفور ڈوگر ائیرلیگ کے عہدیداروں کی ملی بھگت سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 311 سے دو سو چودہ کلو سفر ی سامان اورآم کی اکیس پیٹیاں مفت ملتان سے کراچی لے گئے۔
جسے پی آئی اے سکیورٹی اینڈ ویجیلنس کی خفیہ اطلاع پر کراچی ائیرپورٹ پر قبضے میں لے لیا گیا ۔
جس پر پی آئی اے کے جنرل مینجر پسنجر ہینڈلنگ سروسز نے اسٹیشن مینجر ملتان کو مالی بدعنوانی میں شامل ائیرلیگ کے عہدیداروں کو معطل کرکے کراچی ٹرانسفر کرنے کے احکامات جاری کیے تو ائیرلیگ کے کارکنوں نے اسٹیشن مینجر ملتان کو احکامات پر عملدرآمد سے روکنے کیلئے انہیں کمرے میں بند کردیا جنہیں بعد ازاں پی آئی اے عملے نے رہا کرایا ۔
پی آئی اے حکام تاحال مالی بے ضابطگی میں ملوث ملازمین کیخلاف موثر کارروائی کرنے میں ناکام ہے ۔