کراچی: یومِ شہادت علی کے سلسلے میں ملک بھر میں مجالس و جلوس نکالے جائیں گے، کراچی میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے موقعے پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پہلی بار روبوٹ کا استعمال کیا جارہا ہے، جو بم ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کراچی میں یوم شہادت علی کی مرکزی مجلس نشترپارک میں ہوگی، جس کے بعد جلوسِ علم برآمد ہوگا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ یوم حضرت علی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
اطراف کی تمام سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے، جلوس کی سیکیورٹی پولیس اور رینجرز کے اہلکار کریں گے جبکہ اسکاؤٹ تنظیمیں بھی نگرانی کی ذمہ داری انجام دیں گی، جلوس کا خفیہ کیمروں کی مدد سے بھی جائزہ لیا جائے گا۔
کراچی کی شارع پر مشکوک بیگ کی جانچ کرتی یہ مشین جدید ٹیکنالوجی کاحامل آئی ای ڈی ربورٹ ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے زیرِ استعمال یہ روبوٹ یوم علی کے جلوس کی راہ میں آنے والی مشکوک اشیاء کو چیک کررہا ہے۔
آئی ای ڈی روبوٹ بم ناکارہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے پاکستان میں پہلی بارجلوس کی سیکیورٹی کیلئے ربورٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کی مالیت ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، جدید ترین تکنیک کے حامل روبوٹ میں چار کیمرے اور ایک گن نصب ہے، روبوٹ کا کنٹرول روم پولیس وین میں ہے، جو امریکا سے سندھ پولیس کو خصوصی طور ملی تھی۔