کراچی : محکمہ موسمیات نے ملک بھرمیں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی، کراچی سمیت سندھ بھر میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کراچی اور حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے پیشِ نظر سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا ہے، حکومت سندھ نے فوری طور پر صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی۔
کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں شدید بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈ وارننگ جاری کردی، آج سےکراچی ، حیدرآباد، میرپورخاص ڈویژن میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارش کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں برساتی نالوں میں طغیانی کےخطرے کے پیش نظر فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سندھ میں رین ایمرجنسی پر ہنگامی اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری صدیق میمن نے برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کراچی میں سیلاب تباہی مچا سکتا ہے، پانی کی نکاسی نہ ہونے پر صورت حال بگڑ سکتی ہے، جس پر حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی۔
پچیس سے اٹھائیس جولائی تک سندھ بھر میں موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ چوبیس اور پچیس جولائی کو دریائےسندھ سے بڑا سیلابی ریلہ گزرے گا، چیف سیکریٹری کی ہدایت پرہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کو ساڑھے چار کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے پیر کے روز تک میگھا برسنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز سندھ اور بلوچستان میں جم کر بارشیں ہوں گی۔