واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیس بک استعمال کرنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ اس پلیٹ فارم کا نگران بورڈ کرے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال 6 جنوری کو امریکی گانگریس پر حملے کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس معطل کردیے گئے تھے۔
تاہم اب انہیں فیس بک اکاؤنٹ استعمال کرنے دیا جائے گا یا نہیں، اس حوالے فیس بک کا نگران بورڈ حتمی فیصلہ سنائے گا، اہم فیصلہ کل متوقع ہے۔
ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بند، ٹرمپ کی ٹوئٹر انتظامیہ پر تنقید
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد 6 جنوری کو امریکی کانگریس پر حملے کا واقعہ رونما ہوا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے بطور صدر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو حملہ کرنے پر اکسایا تھا جس پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
سابق صدر کے اکاؤنٹ بلاک ہونے پر بعض طبقوں نے خیرمقدم کیا تھا جبکہ کئی سیاسی رہنماؤں اور تجزیہ کاروں نے تشویش کا اظہار کیا۔
فیس بک اور ٹوئٹر نے اپنے بیانات میں کہا تھا کہ ان پلیٹ فارمز کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ڈونلڈ ٹرمپ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔