لاہور: جنوبی افریقا کے دورے کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹنگ اسٹاف کے ایک ممبر کرونا میں مبتلا ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے ممبر کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ کے ویڈیو اینالسٹ طلحہ بٹ دورہ جنوبی افریقا سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ عثمان ہاشمی بطور ویڈیو اینالسٹ پاکستان ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔
عثمان ہاشمی نے قومی اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے، واضح رہے کہ طلحہ بٹ کا دیگر اسٹاف کے ہمراہ کیمپ کے انعقاد سے قبل کرونا ٹیسٹ ہوا تھا، جس میں ان کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ کا نتیجہ کیا رہا؟
یاد رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے، ان کا ٹیسٹ پہلی کرونا ٹیسٹنگ کے دوران مثبت آیا تھا۔
آج پی سی بی نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ دوسری ٹیسٹنگ میں قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کی ٹریننگ شیڈول کے مطابق ہوگی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں 2 سے 16 اپریل تک 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔